٭ کپڑوں پرسے داغ دھبے صاف کرنے کیلئے دھبوں پر گلیسرین لگائیں اور پوری رات کیلئے چھوڑدیں۔ اگلی صبح کپڑوں کو صاف پانی سے دھو لیں۔
٭ استعمال شدہ میٹ کو کمرے کے کونوں میں رکھ دیں‘اس سے چیونٹیاں دور رہیں گی۔
٭ پکوڑوں کو نرم کیلئے آمیزہ میں تھوڑا سا بیکنگ پاؤڈریا دوٹی اسپون گرم تیل ڈال دیں۔
٭ اگر آپ اپنے ہاتھوں سے آنے والی مٹی کے تیل کی بو سے نجات چاہتی ہیں تو ان کو بیسن سے دھوئیں۔
٭ اپنے سلک اور وولین کے کپڑوں کو سلورفش سے بچانے کیلئے اپنی الماری میں خشک لال مرچ رکھیں۔
٭ اگر آپ پورا دن صرف کوئی بھی پھل کھائیں اور بہت سا پانی پئیں تو آپ کا ڈیڑھ کلو وزن کم ہوگا اور ساتھ ہی آپ کا نظام ہاضمہ بھی درست ہوگا۔
٭ خشک میوہ کو محفوظ رکھنے کیلئے ان کے جار میں چند لونگیں بھی شامل کردیں۔
٭ کپڑوں سے ہلدی کے داغ صاف کرنے کیلئے کپڑوں پر خشک صابن رگڑیں اور ایک گھنٹہ کیلئے چھوڑ دیں‘پھر دھوئیں۔
فریج کی برف
گھر کی عام ضرورت میں فریج شامل ہے۔ پرانے فریج میں برف بہت جمتی ہے۔ آپ مہینہ میں دوبار برف کے خانہ کو صاف کریں۔ کبھی چھری یا سلائی کی مدد سے برف نہ نکالیں۔ اس طرح فریج کی گیس خارج ہوگی اور فریج خراب ہو جائے گی فریج کا پلگ نکال دیں اور برف پگھلنے دیں۔
ریفریجریٹر کو کیڑوں کی پھپھوندی سے بچانا
جب آپ شہر سے باہر جارہی ہوں طویل عرصے تک ریفیریجریٹرکو بند رکھنا چاہتی ہوں تو صاف کرکے خشک کرلیں۔ اس کے اندرکافی سارا ٹالکم پاؤڈرچھڑک دیں۔ کافی عرصے بند رکھنے کے باوجود اس کے اندر کوئی پھپھوندی کیڑے مکوڑے نہیں آئیں گے۔
ٹیلی ویژن دیکھنا
ذرا فاصلہ سے ٹی وی دیکھیے۔مسلسل ٹی وی دیکھنے سے اعصاب اور نظر متاثر ہوتی ہے۔ تھوڑی دیر بعد سکرین سے نگاہیں ہٹالیں۔ اس طرح آنکھوں پر بوجھ نہیں پڑے گا۔خواتین کو یہ بات معلوم نہیں ہوگی۔ مسلسل ٹی وی دیکھنے سے معدہ میں تیزاب کی مقدار بڑھ جاتی ہے جو معدہ کی سوزش اور زخم پیدا کرسکتی ہے اور بیٹھے بیٹھے بھوک لگتی ہے۔اس سے وزن بڑھتا ہے۔وزن بڑھنے سے بھی بیماریاں ہوجاتی ہیں
برسات کا موسم
برسات میں غذا کھانے میں بہت احتیاط کرنی چاہیے۔سرکہ‘سرکہ کی چٹنیاں‘
سرکہ میں پودینہ‘پیازڈال کر ضرورکھائیں۔لیموں میں چٹنی‘اچار‘امبی کی چٹنی‘ تازہ پودینہ‘پیاز کا استعمال ضروری ہے۔ برسات کے موسم میں لسی‘ دہی اور چھاچھ پینے میں احتیاط کریں۔ اس سے طبیعت خراب ہوجاتی ہے۔ گوشت کے ساتھ سبزی ضرور ڈالیں اورلیموں کا استعمال زیادہ کریں۔
سبزیوں کو اچھی طرح پانی سے دھوئیں اور باریک کاٹ کر پانی کا چھینٹا دے کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔گرمی اور برسات میں زیادہ گڑنہ کھائیں۔ امرودمیں لیموں‘ نمک‘ مرچ لگا کر کھائیں۔پھل کھانے کے فوراًبعد پانی پینے سے گلے میں خراش ہوتی ہے نزلہ‘زکام‘کھانسی ہوتی ہے گنا چوس کر پانی نہیں پینا چاہیے ورنہ نزلہ کھانسی ہو گی۔
سرسوں کے تیل کی جھاگ
اکثر لوگ جب سرسوں کے تیل میں کوئی چیز فرائی کرتے ہیں تو اس پر بہت سا جھاگ آجاتا ہے۔ اس جھاگ کو ختم کرنے کیلئے سرسوں کے تیل کو اچھی طرح گرم کریں اور فرائی کرنے سے پہلے لہسن کے پانچ یا چھے جوئے تیل میں ڈال کر انہیں اچھی طرح سے جلا کر نکال دیں۔ اب اس میں کچھ بھی فرائی کرلیں۔ باربارکے استعمال کے باوجود بھی تیل پر جھاگ نہیں آئے گی۔
