سرکہ اور کان کا درد
کان کے درد میں سفید سرکہ کان میں ٹپکانے سے کان کا درد ختم ہوجاتا ہے۔
نظر کی کمزوری کیلئے
آنکھوں کی نظر کمزور ہوتو ایک کپ خشخاش دھوکر سکھالیں۔ اس میں آدھا کپ بادام‘آدھا کپ سونف‘آدھا کپ سوکھا دھنیا اور مصری ملا کر پیس لیں اور صبح و شام ایک کپ دودھ کے ساتھ ایک چمچ کھالیں۔ ان شاء اللہ کچھ ہفتوں بعد نظر میں نمایاں بہتری نظر آئے گی۔
ہڈیوں کیلئے طاقت بخش
یہ شربت کیلشیم فراہم کرتا ہے‘ہڈیوں کی کثافت اور ان کے معدنی اجزاء بڑھاتا ہے اور غذامیں بہترین اضافہ ہے۔
سرخ سیب سیب 1/4حصہ کسی بھی قسم کا ہو
انجیر دو عدد
پانی دو سو ملی میٹر
سیب کو دھو کر کدوکش کرلیں۔ انجیروں کو اچھی طرح دھوئیں کہ تمام گرد اور تنکے صاف کر لیں اور پھر باریک باریک کاٹ لیں۔ایک برتن میں پانی لیں اور کدوکش کیے ہوئے سیب اور کاٹی ہوئی انجیر ڈالیں برتن کو ڈھانک دیں۔ ابالیں اور دومنٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں۔ میٹھا ڈالنے کی ضرورت نہیں۔ اسے چھاننانہیں ہے۔ شربت کو گلاس میں ڈال لیں انجیر کھاتے جائیں اور یہ شربت پیتے جائیں۔ یہ شربت گرم اور ٹھنڈاحسب طبیعت اور حسب موسم انجوائے کریں۔
آنکھ میں چونے کی سفیدی پڑنا
گھر میں سفیدی ہورہی ہے اور چونے کی کوئی چھینٹ آنکھ میں پڑ جائے تو سخت تکلیف ہوتی ہے۔ بے حد جلن آنکھ میں رہتی ہے۔تھوڑی سی پھٹکری پانی میں گھول کر آنکھ میں پانی ڈالیں۔ اس سے یہ جلن دور ہوجائے گی۔
پیچش کی بیماری
پیچش کی بیماری میں مریض کو دو تولہ سونف‘پانچ تولہ گلقندپانی میں رگڑ کر گرمیوں کے موسم میں (اور جوش سے کر سردیوں کے موسم میں) تین یا چار بار دن میں پلانے سے آرام ہوجاتا ہے۔
بینائی کو قائم رکھنے کیلئے
بینائی کو قائم رکھنے کیلئے سونف کے جوشاندہ یا بادیان سبز (ڈھنیا سبز)کے پانی میں سرمہ کی طرف کھرل کرکے آنکھوں میں لگاتے ہیں۔
کھانسی اور دمہ
کھانسی اور دمہ میں چھے ماشہ سونف چھے ماشہ پرسیاؤں ملا کر دینا مفید ہے۔
بینائی اور دماغ کی طاقت کیلئے
بینائی اور دماغ کی طاقت کیلئے سونف اور مصری چھے ماشہ کو باریک پیس لیں پھر اس میں سات عددچھلے ہوئے بادام کوٹ کر شامل کرلیں اور رات سوتے وقت نیم گرم دودھ کے ساتھ چبا کر کھائیں۔اس کے بعد کوئی چیز نہ کھائیں۔ چالیس روزتک استعمال کرنے سے عینک بھی اتر جاتی ہے۔
