روزانہ لاکھوں لوگ صرف گرین ٹی، بلیک کافی اور گرم پانی پر گزارہ کرتے ہیں۔
اس قسم کی ڈائیٹنگ سے نہ صرف جسمانی کمزوری آتی ہے بلکہ خواتین میں ہارمونی مسائل اور پیریڈز کی بے ترتیبی بھی عام ہو چکی ہے۔
شادی سے پہلے وزن کم کرنے کا جنون شادی کے بعد صحت کے بڑے مسائل پیدا کر دیتا ہے۔
ایسی ڈائیٹنگ سے وزن کم ضرور ہوتا ہے، لیکن ساتھ میں ہڈیاں، پٹھے اور دماغ بھی کمزور ہو جاتے ہیں۔
1. کھانا چھوڑنا کبھی حل نہیں ہوتا
وزن کم کرنے کی کوشش میں سب سے پہلے لوگ کھانا چھوڑ دیتے ہیں، خاص طور پر روٹی۔ لیکن جب جسم کو کاربوہائیڈریٹ نہیں ملتا تو وہ اپنی توانائی کھو بیٹھتا ہے۔ مسلسل بھوکا رہنا جسم کو کمزور کرتا ہے، نہ کہ صحت مند۔
2. بلیک کافی اور گرین ٹی کا حد سے زیادہ استعمال
بلیک کافی اور گرین ٹی کو وزن کم کرنے کی جادوئی دوا سمجھا جاتا ہے، لیکن جب ان کا استعمال خالی پیٹ یا زیادہ مقدار میں ہو، تو یہ جسم میں خشکی، نیند کی خرابی اور معدے کی تیزابیت پیدا کر سکتا ہے۔
3. مغربی فاسٹنگ vs اسلامی روزہ
فروٹ فاسٹنگ، جوس فاسٹنگ اور دوسری مغربی تراکیب نہ صرف غیر قدرتی ہیں، بلکہ ہمارے جسم کے مزاج سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ اسلامی روزہ ایک مکمل اور صحت مند فاسٹنگ سسٹم ہے، جو جسم کو آٹو فجی جیسے فائدے دیتا ہے۔
4. سنیکس پر گزارہ کرنا
اکثر لوگ دن بھر بھوکے رہتے ہیں، لیکن تھوڑے تھوڑے وقفوں سے سنیکس کھاتے ہیں۔ یہ مسلسل کھانے کا عمل معدے کو کبھی آرام نہیں کرنے دیتا، اور نظام ہضم پر بوجھ بنتا ہے۔
5. کھانے کی مکمل اقسام بند کر دینا
بہت سی خواتین اور لڑکیاں شادی یا ایونٹ سے پہلے گوشت، دالیں، دودھ، اور یہاں تک کہ پھل بھی چھوڑ دیتی ہیں۔ یہ غذائیں جسم کو ضروری پروٹین، کیلشیم، اور وٹامنز دیتی ہیں۔ ان کی کمی سے ہڈیاں اور جلد دونوں متاثر ہوتے ہیں۔
6. بغیر جسمانی تجزیے کے ڈائیٹنگ
ہر جسم کا مزاج اور موٹاپے کی وجہ الگ ہوتی ہے۔ کسی کے موٹاپے کی جڑ ہارمونی ہوتی ہے، کسی کی نظام ہضم کی خرابی۔ بغیر جانچ کے اگر کوئی خوراک طے کی جائے تو نقصان کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
7. شادی سے پہلے ڈائیٹنگ، شادی کے بعد نقصان
بہت سی فیملیز شادی سے پہلے بچوں کو دبلا کرنے کے لیے کھانا بند کر دیتی ہیں۔ لیکن شادی کے بعد جب دعوتیں اور مصالحے دار کھانے آتے ہیں، تو جسم کا نظام بگڑ جاتا ہے، اور کئی بار عورتیں ہارمونی، پیریڈز یا حمل کے مسائل کا شکار ہو جاتی ہیں۔
8. نیند، پانی اور سادہ روٹین کا فقدان
صرف ڈائیٹنگ پر فوکس کر کے لوگ نیند، پانی پینا اور سادہ زندگی گزارنا چھوڑ دیتے ہیں۔ لیکن اصل کامیابی سادہ مگر مستقل عادات میں ہے — وقت پر سونا، جاگنا، اور مناسب پانی پینا جسمانی صحت کا اہم حصہ ہے۔
9. ڈائیٹنگ کو فیشن بنانا
ڈائیٹنگ ایک وقتی فیشن نہیں ہونا چاہیے۔ یہ ایک طرزِ زندگی ہے۔ اگر آپ صرف دلہن یا دولہا بننے کے لیے وزن کم کر رہے ہیں، تو یہ جسم سے مذاق ہے۔ عارضی خوبصورتی کے بدلے مستقل نقصان ہو سکتا ہے۔
10. مشورے کے بغیر غذا طے کرنا
نیچروپیتھک ڈاکٹر یا کسی ماہر غذائیات سے مشورہ لیے بغیر خود سے غذا طے کرنا خطرناک ہے۔ ہر جسم کی ضروریات مختلف ہوتی ہیں، اور صحیح مشورہ ہی آپ کو محفوظ، پائیدار اور مؤثر وزن کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔